۸ آذر ۱۴۰۳ |۲۶ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 28, 2024
جعفر طیار لائبریری کا افتتاح

حوزہ/ جعفر طیار سوسائٹی ملیر میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی عوامی لائبریری کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ جعفر طیار لائبریری کی نئی بلڈنگ کا افتتاح حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ رضی جعفر نقوی نے کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی/ جعفر طیار سوسائٹی ملیر میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی عوامی لائبریری کو عوام کیلئے کھول دیا گیا۔ جعفر طیار لائبریری کی نئی بلڈنگ کا افتتاح حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ رضی جعفر نقوی نے کیا۔

تفصیلات کے مطابق 10 رجب المرجب بمطابق 23 فروری بروز منگل جعفر طیار لائبریر ی کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا گیا اس سلسلے میں ایک افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

افتتاحی تقریب غازی چوک پر منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی علامہ رضی جعفر نقوی شریک تھے، جبکہ خصوصی شرکت ڈی سی ملیر گنہور علی لغاری اور ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر، پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی, شعبہ لائبریری سائنس کے پروفیسر اورپاکستان لائبریری ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر فرحت حسین ،عقیل عباس جعفری (پاکستان کے معروف محقق اور اردو ڈکشنری بورڈ کے سابق صدر ہیں) سمیت علاقہ اور شہر بھر کی دیگر ادبی و تعلیمی شخصیات، علمائے کرام اور ملی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قبلہ مولانا رضی جعفر نقوی نے کہا کہ اہل ملیر کے لئے جعفر طیار لائبریری ایک نعمت سے کم نہیں ہے، اہل علاقہ اس سے بھرپور فائدہ حاصل کریں ، انہوں نے جعفرطیار لائبریری کے شاندار افتتاح کے موقع پر قبلہ مولانا ڈاکٹر نسیم حیدر زیدی اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سہرایا اور انہیں مبارک باد پیش کی ۔

ڈپٹی کمشنر ملیر گنہوار علی لغاری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لائبریری کیلئے ایک لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے لائبریری کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ اس چھوٹے سے علاقہ میں پرائیویٹ سیکٹر کی لائبریری کو دیکھ کر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ میں ہر طرح سے اس پروجیکٹ کو سپورٹ کرنے کو تیار ہوں۔

تقریب سے جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی اور پروفیسر راحت حسین اور جناب عقیل جعفری نے بھی خطاب کیا، آخر میں ڈاکٹر مولانا نسیم حیدر زیدی نے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا سفر یہاں رکا نہیں ہےاور جعفرطیار لائبریری صرف لائبریری نہیں بلکہ ایک تربیت گاہ ہے جسے بہت آگے تک جانا ہے۔

انہوں نے اس پروجیکٹ میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا خاص طور پر پروفیسر عمران کی کاوشوں کا سہرایا جنہوں نے دن رات محنت کرکے لائبریری کو اس مقام تک پہنچایا ہے۔

تقریب کے اختتام پرعلامہ رضی جعفر نقوی کے ہمراہ معزز مہمانان گرامی نے جعفرطیار لائبریری کی نو تعمیر شدہ اور جدید سہولیات سے آراستہ بلڈنگ کا معائنہ کیا اور انتظامیہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .